مانچسٹرکے شاپنگ سینٹر می چاقو بردار شخص کا حملہ، 5 افراد زخمی، حملہ آور گرفتار

October 12, 2019

مانچسٹر( تنویر کھٹانہ) مانچسٹر کے معروف اور مصروف شاپنگ سنٹر میں گزشتہ روز دن گیارہ بجکر پندرہ منٹ پر ایک40سالہ شخص نےخریداروں پر اس وقت ہلہ بول دیا جب وہ اپنی روزمرہ کی شاپنگ میں مصروف تھے۔ چاقو بردار چالیس سالہ شخص کو پولیس نے ٹیزر کے استعمال کے بعد موقع سے گرفتار کیا،تاہم حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ گریٹر مانچسٹر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق حملہ آور سے انسداد دہشت گردی پولیس کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ پولیس نے حملے میں 5لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے زخمیوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ تینوں خواتین کے پیٹ اور کندھے پر چاقو کے وار کیے گئے ہیں جب کہ زخمی ہونے والے 50 سالہ شخص کے کندھے پر چاقو کے وار کیے گئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق چاقو بردار شخص نے بلا اشتعال شاپنگ میں مصروف لوگوں پر حملہ کیے۔ حملے کے باعث پولیس نے آرنڈیل سنٹر کو خالی کروا لیا ہے جب کہ پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کے ساتھ فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔سنٹر سے ملحقہ بس سٹیشن اور ٹرام اسٹیشن کو بھی فی الوقت بند کر دیا گیا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں زخمی ہونے والوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ایمرجنسی سروسز کے کردار کو سراہا۔دوسری جانب ایسے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ٹریفورڈ سنٹر اور دیگر ملحقہ شاپنگ سنٹرز میں بھی مسلح پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔