اقامہ کے غلط استعمال کامعاملہ حل کیا جارہا ہے، دبئی پاکستانیوں کی جائیداد کے متعلق معلومات دے گا، چیئرمین ایف بی آر

October 12, 2019

اسلام آباد (مہتاب حیدر) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہےکہ اقامہ کے غلط استعمال کا معاملہ حل کیا جارہا ہے، دبئی پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق معلومات دیگا۔

چیئرمین ایف بی آر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 9 اور 10 اکتوبر کو دبئی میں بامقصد ملاقات ہوئی، دبئی لینڈڈپارٹمنٹ پاکستانیوں کی جائیداد کی فوری معلومات دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اقامہ کا غلط استعمال کرنیوالوں سے بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔ ایف بی آر کو امید ہےکہ متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے میگا بلڈرز اور عمار گروپ کی جانب سے ان پاکستانیوں کی معلومات ملنے کا امکان ہے جنہوں نے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

ایف بی آر میں موجود اعلیٰ سطح کے ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہےکہ ایف بی آر حکام کےاندازےکے مطابق دبئی میں 5ہزار سے 20ہزار پاکستانیوں کی پراپرٹی موجود ہے، رابطہ کرنے پر چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے دی نیوز کو بتایا کہ دبئی پہلی بار اقامہ ہولڈرز کی تفصیلات دینے پر رضامند ہوگیا ہے۔

بہرحال، ذرائع کا کہنا ہےکہ وہ پاکستانی جنہوں نے اقامے کے ذریعے دبئی میں رہائش اختیار کی ہوئی ہے ان کےاکائونٹس، بیلنسز اور ٹیکس سے متعلق تفصیلات پاکستان کےساتھ شیئر نہیں ہیں۔

آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (او ای سی ڈی) کیساتھ معلومات کے خودکار تبادلے کے تحت پاکستان کو 29ممالک سے معلومات حاصل ہوئیں جو کہ اب بڑھ کر 44 ممالک تک پہنچ گئی ہیں تاہم متحدہ عرب امارات سے ملنے والی معلومات کافی نہیں۔