کشمیریوں کی دادرسی کیلئے یو این سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلایا جائے، سردار شفیق

October 13, 2019

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ) کشمیر فورم وٹفورڈ کے چیئرمین سردار شفیق احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کی داد رسی کیلئے اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل کا اجلاس فوری بلایا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں فوری امن آرمی تعینات کریں۔ بھارتی فوج اور آر ایس ایس کے دہشت گرد آرمی یونیفارم پہن کر کشمیریوں کے گھروں پر حملے کرتےہیں اور خواتین کی عصمت دری، نوجوانوں کو رات کی تاریکی میں گھروں سے گرفتار کرنا روز کا معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں جنگل کا قانون ہے۔ انصاف نام کی چیز نہیں ہے۔ بھارتی فوج نے انسانیت کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ عوام ضروریات زندگی سے محروم ہیں۔ عوام کی نظریں پاکستان اور اقوام متحدہ پر لگی ہیں۔ اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کشمیری عوام کی مدد کرے ۔سردار شفیق احمد چیئرمین کشمیر فورم وٹفورڈ نے چکوٹھی بارڈر دھرنے کے حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول لائن توڑنے والوں کو اقوام متحدہ کی زیرنگرانی مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے پاکستان کے میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو زیادہ کوریج دے۔ انہوں نے کہا بھارت کی خارجہ پالیسی کو بھارت کا میڈیا کنٹرول کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے ناپاک عزائم کو بےنقاب کرنے کےلئے دفتر خارجہ میں کشمیر سیل قائم کیا جائے ۔