گداگروں کو ہنر سکھائیں

October 13, 2019

زندگی کے مختلف شعبوں میں خواتین کے قابل تقلید کردار ادا کرنے کے اعتراف میں گورنر ہائوس کراچی میں منعقدہ لیڈیز فنڈ ویمنز ایوارڈ تقریب میں گداگری چھوڑ کر باعزت روزگار کی طرف راغب ہونے والی 14بچوں کی ماں، جو اب بھکارن نہیں کہلائی جا سکتی، قوم کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ حور نامی اس خاتون کو لیڈیز فنڈ پائنیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ سندھ کے شکارور گائوں میں بھکارنوں کی سربراہ تھی، جس نے اپنی ساتھی بھکارنوں کو قائل کیا کہ وہ بھیک مانگنا چھوڑ دیں اور ہنر سیکھ کر باعزت روزگار کمائیں۔ حور کا یہ کردار صرف بھیک مانگنے والوں کے لئے نہیں پورے معاشرے کے لئے مشعل راہ ہے، جہاں جگہ جگہ سماجی ناہمواریاں پائی جاتی ہیں جو ایک فلاحی اور اسلامی ریاست کے کسی بھی طرح حق میں نہیں، جس کا نتیجہ عزت نفس کی پامالی کے سوا کچھ نہیں۔ وطن عزیز میں اس وقت مختلف سماجی تنظیمیں ان خطوط پر کام کر رہی ہیں جس سے انسان کی عزت نفس بحال ہو اور وہ محنت کو عظمت کا ذریعہ بنائیں لیکن اب تک اس کے قابل ذکر نتائج برآمد نہیں ہو سکے۔ انتظامی شعبوں کے اہلکار پولیس کی مدد سے پیشہ ور بھکاریوں کو حراست میں لے کر آئندہ یہ کام نہ کرنے کا وعدہ لے کر چھوڑ بھی دیتے ہیں لیکن یہ لوگ کچھ ہی دیر بعد پھر سے اپنے مخصوص ٹھکانوں پر پہنچ جاتے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ بڑے بڑے گروپ اور ان کی سرپرستی کرنے والے بااثر افراد ہیں۔ خواتین کو مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے اعتراف میں ایسی تقاریب کا انعقاد کئے جانا قابل تحسین امر ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہوگا کہ سرکاری سطح پر پیشہ ور بھکاریوں کا ڈیٹا جمع کیا جائے جس کے تحت انہیں ان کی اہلیت کے مطابق ہنر سکھا کر مختلف شعبوں میں کھپایا جائے، اس سے ان کی سرپرستی کرنے والوں کی از خود حوصلہ شکنی ہو سکے گی۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998