دوہری شہریت رکھنے والے طالب علم میڈیکل کالجز میں داخلے کے اہل قرار

October 15, 2019

لاہور(خبرنگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے دوہری شہریت کے حامل طالبعلموں کو میڈیکل کالجز میں داخلےکا اہل قرار دیتے ہوئے پی ایم ڈی سی آرڈیننس برائے سال 2019کالعدم قرار دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی نے دوہری شہریت رکھنے والے طالبعلموں کومیڈیکل کالجز میں داخلہ نہ دینے کے خلاف درخواستوں کافیصلہ سناتے ہوئے دوہری شہریت کے حامل طالبعلموں کومیڈیکل کالجز ایڈمشن رولز2018کے تحت میڈیکل کالجز میں داخلے دینے کا حکم دے دیا اور 2018کے داخلہ رولز کے تحت نئی میرٹ لسٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل میاں اسلم نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان سے اے لیول کرنے والے دوہری شہریت کے حامل طالبعلموں کو داخلے سے روکا جانا آئین کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،آئین کے تحت دوہری شہریت کے حامل طالبعلموں کے حقوق ضبط نہیں کئے جاسکتے، عدالتی حکم امتناعی پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے میرٹ لسٹ روک لی تھی۔