ہانگ کانگ کی کمپنی پاکستان میں ساڑھے37 ارب کی سرمایہ کاری کرے گی

October 16, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان نے ہانگ کانگ کی ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کمپنی کی طرف سے 240؍ ملین ڈالر (تقریباً ساڑھے 37؍ ارب پاکستانی روپے) کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا ہے۔

مذکورہ سرمایہ کاری میں پاکستان کے سفیر برائے بیرونی سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی نے اہم کردار اداکیاہے اور انہوں نے کہا کہ کنٹینر ٹرمینلز کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کے منیجنگ ڈائریکٹر ارک لپ کی سربراہی میں وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات

منگل کوہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کے منیجنگ ڈائریکٹر ارک لپ کی سربراہی میں وفد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں سفیر برائے بیرونی سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی، وفاقی وزیربرائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیرحیدرگیلانی اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔

ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کا وفد منیجنگ ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ و افریقہ اینڈی تسوئی، بزنس ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ و افریقہ ارک نگ اور ان کی پاکستانی مینجمنٹ ٹیم کے ارکان پر مشتمل تھا۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق ہوچی سن پورٹ ہولڈنگ کمپنی کراچی پورٹ پر ٹرمینل کی استعداد میں اضافہ کے لیے 240 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرے گی۔

گروپ منیجنگ ڈائریکٹر ارک اپ نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان میں ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کی طرف سے 240 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے بارے میں بتایاکہ اس سے کراچی پورٹ پر نئے کنٹینر ٹرمینل کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہو گا اور ہوچی سن پورٹ کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ کر ایک ارب ڈالر تک ہو جائے گی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس سرمایہ کاری سے ہوچی سن کے ملازمین کی تعداد میں 3 ہزار تک اضافہ ہو گا۔وزیر اعظم کو ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کی ترقی، اس کی پیرنٹ کمپنی سی کے ہوچی سن ہولڈنگزاور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے گروپ کے اہم کردار اور عزم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم کو کراچی کی بندر گاہ کی ترقی کے ذریعے اسے ایشیاء میں تجارت کا مرکز بنانے کے ضمن میں تعاون کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کمپنی کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور پاکستان کی اقتصادی خوشحالی کے لئے اس کے عزم کا خیر مقدم کیا۔