ابوبکر البغدادی کی ہلاکت، فرانس میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

October 28, 2019

ابوبکر البغدادی کےمارے جانے کے بعد دولت اسلامیہ کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کے امکانات پر فرانس میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

فرانس کے وزیر داخلہ کرسٹوف کاسٹنر نے ملک کے سیکیورٹی اداروں کو چوکنا رہنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

فرانسیسی وزیر داخلہ نے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ انتقامی کارروائیوں کا مطالبہ کرنے والے جہادی پروپیگنڈے میں اضافہ امکان ہے، لہٰذا انتہائی چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ابوبکر البغدادی کوگزشتہ روز شمالی مغربی شام میں امریکی فورسز کی ایک کارروائی کے دوران ہلاک کردیا گیا تھا۔

فرانسیسی وزیر داخلہ کاسٹنر نے پولیس اور انتظامی افسران کو کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں تقریبات اور عوامی مقامات پر اپنے محافظوں کے ساتھ رہیں۔

ایس جی پی پولیس ایف او ٹریڈ یونین کے سکریٹری جنرل، ییوس لیف بویرے نے میڈیا کو بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب وزارت داخلہ نے ایک اعلٰی پروفائل جہادی رہنما کی ہلاکت کے بعد اس طرح کی کوئی رپورٹ جاری کی ہے۔

ادھر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے البغدادی کی موت کو ان کی تنظیم کے لیے ایک دھچکا قراردیا ہے۔