بچپن میں جدا ہونے والی یتیم جڑواں بچیوں میں 10 سال بعد بھی یکسانیت

October 28, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

بچپن میں جدا ہونے والی یتیم جڑواں بچیوں میں 10 سال بعد بھی یکسانیت

چین سے تعلق رکھنے والی 2 جڑواں یتیم بچیاں جنہیں پیدائش کے بعد ہی امریکا کے دو علیحدہ علیحدہ گھرانے اپنے ساتھ لے گئے تھے، 10 سال کے بعد دوبارہ مل گئیں، حیرت کی بات یہ ہے کہ اتنے عرصے تک علیحدہ رہنے کے باوجود ان کی عادات و حرکات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

گریسی رینسبیری جو ریاست واشنگٹن اور آڈری ڈوئرنگ جو ریاست وسکونسن میں رہائش پذین ہیں، اب 13 سال کی عمر کی ہیں، جو ایک دوسرے سے کافی دور رہنے کے باوجود کبھی کبھار ملاقات بھی کرلیتی ہیں۔

چینی بچیوں کو ایک ہی یتیم خانے سے امریکا کے دو علیحدہ علیحدہ خاندانوں نے گود لے لیا تھا۔

ایک ٹی وی شو جو جدا ہونے والے خاندان کے دوبارہ ملاپ سے متعلق ہے میں بتایا گیا کہ ان دونوں لڑکیوں کو لندن بھیجا گیا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ بھی کیے گئے۔

جڑواں بچوں کی تشخیص کرنے والے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ جب ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تو معلوم ہوا کہ دونوں کی ہڈیوں کی ساخت، ان کی پکڑ، ان کا توازن اور پھیپھڑوں کا سائز اور بینائی بھی ایک جیسی ہے۔

آڈری ڈوئرنگ کی والدہ جینیفر ڈوئرنگ اس حوالے سے بتاتی ہیں کہ دسمبر 2017 میں ان کی بیٹی نے ان سے ایک بہن یا بھائی ہونے کی فرمائش کردی، چونکہ وہ پہلے ہی ایک بیٹی کو گود لے چکی تھیں اس لیے انہوں نے ان ہی جیسی دوسری بیٹی کی تلاش شروع کی۔

آرڈری اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ وسکونسن میں رہتی ہیں۔

انہوں نے ایک چینی اخبار میں اشتہار دیکھا کہ اسی یتیم خانے کی ایک لڑکی نے اپنے والدین کی تلاش کے لیے اشتہار دیا ہوا ہے۔

جینیفر ڈوئرنگ کا کہنا تھا کہ انہوں ںے جب اس اشتہار دینے والی بچی کی تصویر دیکھی تو حیران رہ گئیں کیونکہ وہ بالکل ان کی بیٹی کی طرح دکھائی دیتی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس لڑکی کی تصویر کے ساتھ ایک اور تصویر شائع تھی جس میں خاتون ایک نہیں بلکہ دو بچیوں کو اپنی گود میں لیے بیٹھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گریسی رینسبیری کی والدہ نکول رینسبیری سے رابطہ کیا اور اس حوالے سے انہیں بتایا جنہوں نے بعد میں یہ خبر اپنی بیٹی کو دی۔

2017 کے ایک ٹی وی شو کے دوران ہی دونون پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے سامنے آئیں۔

پہلی مرتبہ آمنے سامنے آنے پر دونوں آبدیدہ ہوگئیں۔

اس تجربے کے بارے میں جینیفر ڈوئرنگ نے کہا کہ ہم یہ دیکھ کر حیران تھے کہ ان دونوں میں کتنی یکسانیت ہے، انہیں شو کے دوران ایک جیسے کپڑے بھی پہنائے گئے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شو کے دوران بات چیت کرتے ہوئے دیکھا کہ دونوں ایک ہی طرح بات چیت کرتی ہیں، ایک ہی جیسی چیزیں پسند کرتی ہیں جبکہ دونوں کا چشمہ اوپر کرنے کا انداز بھی ایک جیسا ہے۔

جینیفر ڈوئرنگ نے بتایا کہ دونوں بچیاں ملنے کے بعد پہلے ہنسیں اور پھر آبدیدہ ہوگئیں۔

یہ دونوں اب اکثر ایک دوسرے سے ملاقاتیں کرتیں ہیں، اور ایک دوسرے کے ساتھ وقت بھی گزارتی ہیں جبکہ دونوں میں ایک دوسرے کے لیے بہت محبت بھی ہے۔

گریسی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ واشنگٹن میں رہتی ہیں۔

آرڈری ڈوئرنگ کہتی ہیں کہ جب وہ اپنی بہن سے جدا ہوتی ہیں تو اسے بہت یاد کرتی ہیں، اور بہن کے ساتھ رہنا بہت اچھا لگتا ہے۔

اس کا کہنا تھا کہ اس کا اپنی بہن سے کپڑوں کے انتخاب میں موازنہ کیا جاسکتا ہے کیونکہ انہیں لڑکیوں کے کپڑے پسند ہیں جبکہ گریسی کو کھیلوں میں پہنے جانے والے کپڑے پسند ہیں۔

گریسی رینسبیری کہتی ہیں کہ وہ اس تجربے کو بیان نہیں کر سکتیں، کیونکہ جب بھی وہ اپنی بہن کے ساتھ ہوتی ہیں تو انہیں ان کے ساتھ ایک تعلق محسوس ہوتا ہے۔

گریسی بھی بہن کے ساتھ رہنا پسند کرتی ہیں جبکہ دور رہتے ہوئے اسے بہت یاد بھی کرتی ہیں، تاہم دونوں بہنوں کا ماننا ہے کہ وہ ایک دوسرے کو اپنا حصہ محسوس کرتی ہیں۔