خورشید شاہ کی سکھر میں انجیو گرافی

November 01, 2019

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی گزشتہ روز ہوئی انجیو گرافی کی رپورٹ آج عدالت میں پیش کی جائے گی۔

نیب ذرائع کے مطابق خورشید شاہ 6 روز سے ادارہ امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) سکھر میں زیر علاج ہیں اور انڈر آبزرویشن ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کو بلڈ پریشر اور شوگر کے علاوہ دل کا عارضہ بھی ہے تاہم گزشتہ دنوں ان کی دل کی شریانوں میں تکلیف بڑھ گئی تھی جس کے باعث ان کی انجیو گرافی کی گئی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق انجیو گرافی کے بعد خورشید شاہ کی طبیعت بہتر ہے۔

دوسری جانب نیب ذرائع نے بتایا کہ احتساب عدالت نے خورشید شاہ کے مکمل چیک اپ کے بعد میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: خورشید شاہ عدالت میں رو پڑے

واضح رہےکہ 18 ستمبر کو قومی احتساب بیوریو (نیب) نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں راولپنڈی سے گرفتار کیا تھا۔