اہم جاپانی سرمایہ کاروں کا دورہ پاکستان منسوخ

November 04, 2019

اسلام آباد میں جاری دھرنے اور آزادی مارچ کے سائیڈ ایفیکٹ منظر عام پر آنا شروع ہوگئے ہیں، اس حوالےسے معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد کا دورہ کرنے والے اہم جاپانی سرمایہ کاروں کے وفد نے اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

جاپان کی معروف کاروباری شخصیت ہیرو تاکاہاشی جو جاپان میں پاکستان کے اعزازی سفیر برائے سرمایہ کاری بھی رہ چکے ہیں، وہ ایک پانچ رکنی جاپانی کاروباری وفد کے ہمراہ دس نومبر سے پاکستان کا دورہ کرنے والے تھے جہاں ان کی گیارہ نومبر کو اسلام آباد میں پاکستانی آلات جراحی اور ٹیکسٹائل کے برآمد کنندگان سے ملاقاتیں طے تھیں جس کے بعد جاپانی سرمایہ کاروں کو سیالکوٹ ، لاہور اور کراچی کا دورہ بھی کرناتھا ، تاہم اسلام آباد میں جاری دھرنے کے باعث غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر جاپانی سرمایہ کاروں کا یہ دورہ اب غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کی جانب سے پاکستان میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے چار رکنی جاپانی ماہرین کی ٹیم کا دورہ پاکستان بھی آٹھ نومبر سے طے تھا تاہم پاک جاپان بزنس کونسل کے مطابق پاکستان میں دھرنے کی صورتحال کے باعث اب جاپانی ماہرین کی ٹیم نے بھی فوری طور پر پاکستان جانے سے معذرت ظاہر کردی ہے۔

واضح رہے کہ پاک جاپان بزنس کونسل نے کراچی لاہور فیصل آباد اور اسلام آباد میں جاپانی ماہرین کے ساتھ مل کر چار شہروں میں ڈینگی کے مرض کے خاتمے کے لیے ادویات کی تیاری اور اسپرے کے انتظامات کرنا تھے جس پر ایک کروڑ روپے کے اخراجات بھی آئے ہیں۔

اسی حوالے سے گزشتہ ہفتے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے لاہور میں گورنر پنجاب سے ملاقات میں ان کو تفصیلات سے بھی آگاہ کردیا تھا تاہم اب یہ دورہ ملتوی کردیا گیا ہے ۔

اہم ذرائع کے مطابق جاپانی حکومت کی جانب سے بھی کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے پاکستان کے سفر کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری جاری کرنے پر غور کیا جارہا ہے تاہم اگلے چند دنوں میں پاکستان کے حالات کے مد نطر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔