بہاول نگر: پسند کی شادی پر بھائی کے ہاتھوں بہن قتل

November 06, 2019

پنجاب کے شہر بہاول نگر کی تحصیل چشتیاں میں بھائی نے پسند کی شادی کرنے پر بہن کو چھریوں کے وار سے قتل کر دیا۔

قاتل بھائی اپنے ساتھی سمیت فرار ہو گیا جبکہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تھانہ بخشن خان پولیس کے مطابق چک 95 فتح میں ملزم شہباز نے اپنے چچا زاد بھائی اقبال کے ساتھ مل کر اپنی 23 سالہ شادی شدہ بہن کرن شہزادی کو چھری سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔

دونوں ملزمان موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: لاہور میں پسند کی شادی کرنے والا جوڑا قتل

مقتولہ کرن شہزادی کی ماں کے مطابق اس کی بیٹی نے 4 سال قبل اپنی مرضی سے شادی کی تھی جس کا ملزم کو رنج تھا۔

مقتولہ کی ماں کی مدعیت میں تھانہ بخشن خان پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔