ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کا حکم

November 06, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

ذخیرہ اندوزوں ، ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوری کے خلاف انتظامی اقدامات مزید موثر بنانے کا حکم دے دیا۔

وزیرِاعظم کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

انہوںنے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام یقینی بنائی جائے، گندم، آٹا اور فائن میدے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بارڈر منیجمنٹ کو مزید موثر بنایا جائے اسمگلرز اور ان کی معاونت کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایکسل لوڈ موخر ہونے کے بعد گھی کے قیمتوں میں کمی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر تحصیل میں کاشت کاروں کے لیے ایسی جگہ مختص کی جائے گی جہاں وہ فیس یا اخراجات کے بغیر اپنی اجناس فروخت کر سکیں گے۔

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ وزارتِ فوڈ سیکیورٹی میں ایک سیل بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اشیاء ضروریہ کی طلب و رسد کے تخمینوں کی بنیاد پر بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔

عمران خان نے کہا کہ منڈی اور مارکیٹ میں قیمتوں کے فرق کو کم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں’’درست دام‘‘ ایپ کے ذریعے اشیاء کی عوام کی دہلیز تک مناسب نرخوں پر فراہمی کا نظام پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی اور ملتان جبکہ خیبر پختونخوا میں ایبٹ آباد، پشاور، مردان اور ڈی آئی خان میں فوری متعارف کرایا جائے۔

عوام کو مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کا بھر پور استعمال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔