رہبروں کی سیاسی پیش گوئیاں سچ ثابت ہورہی ہیں،پشتون ایس ایف

November 07, 2019

کوئٹہ (آئی این پی ) پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین عالمگیر مندوخیل، ڈپٹی چیئرمین مزمل خان کاکڑ اور ممبر معصوم خان میرزئی نے صوبائی بیان میں کہاہے کہ پشتون ایس ایف اپنی ذمہ داریوں اور نظریاتی اساس سے بخوبی واقف ہے اور ملکی و بین الاقوامی حالات کے مطابق تنظیمی ڈھانچے کو ڈھالنے کی تگ ودو میں لگی ہوئی ہے۔ تنظیم اپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ پشتون ایس ایف کی تاریخ رہی ہے کہ اس تنظیم نے کبھی اپنے اصولوں پرسمجھوتہ نہیں کیا ۔ ہمارے اکابرین نے ابتدا سے استعمار مخالف اور سامراجیت کی موجودہ شکل کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ ہمارے رہبروں کی سیاسی پیشنگوئیاں آج سچ ثابت ہورہی ہیں جبکہ تاریخی اور فکری مغالطوں و مبالغوں کی شکار وہ قوتیں بھی آج ہمارے موقف کی تائید کررہی ہیں جو اپنے ہاتھوں میں غداری اور کفر کے فتوے لئے بانٹتے پھرتی تھیں۔ علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمیٹی نے گزشتہ روز ارباب عبدالکریم بوائز کالج کچلاک کا دورہ کیا۔ دورے میں یونٹ کے تنظیمی ارکان سے طلبا اور ادارے کے مسائل پر گفتگو کی گئی۔ جبکہ کارکنوں کو آرگنائزنگ باڈی اور ممبرسازی کے حوالے سے ہدایات دی گئیں اور تنظیمی سطح پر رابطے تیز کرنے کی تاکید کی گئی۔