عوام کو سستی اشیا گھر پر ملیں گی، عمران خان، یوٹیلٹی اسٹورز کیلئے 6 ارب منظور

November 09, 2019

اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ سیل) وزیرِاعظم عمران خان نےیوٹیلیٹی اسٹورز کیلئےفوری طور پر 6ارب جاری کرنیکی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ عوام کو سستی اشیاءگھرپر ملیں گی‘ہماری پوری کوشش ہے کہ کم آمدنی والے افراد اور غربت سے متاثرہ خاندانوں کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے‘ معیشت کی صورت حال کے پیش نظر حکومت نے مشکل فیصلے کیے‘ ان فیصلوں کی وجہ سے آج معیشت میں استحکام ہے اور اقتصادی اشاریے بہتری ظاہر کر رہے ہیں۔ آئندہ دنوں میں اس میں مزید بہتری آئے گی۔ مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش جاری رکھی جائے گی ‘ اسمگلنگ کا ناسور ملکی معیشت کےلئے زہر قاتل ہے، اسمگلنگ کی موثر روک تھام حکومت کی ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور اسمگلنگ کی روکنے تھام سے متعلق اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیںعمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جمعہ کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے جمعہ کو اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی فوری فراہمی سے بیس کلو آٹے کی قیمت میں 132روپے، چینی کی فی کلو قیمت میں 09روپے، گھی کی قیمت فی کلو 30 روپے، چاول کی فی کلو قیمت میں 20روپے اوردالوں کی قیمت میں 15روپے تک کمی سے یہ اشیا یوٹیلیٹی اسٹورز سے عوام کو فراہم کی جائیں گی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز سے کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔ وزیرمواصلات مراد سعید نے بتایا کہ چار ہزار یوٹیلیٹی اسٹورز کے نیٹ ورک کے علاوہ ملک بھر میں پھیلے آٹھ سو پوسٹ آفسز کو بھی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے‘بہت جلد پاکستان پوسٹ آفس کی جانب سے اشیاء ضروریہ کی گھروں تک فراہمی کے لئے ہوم ڈیلیوری سروس بھی شروع کر دی جائے گی۔علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کا ناسور ملکی معیشت کےلئے زہر قاتل ہے، اسمگلنگ کی موثر روک تھام حکومت کی ترجیح ہے، سرحدی علاقوں کے عوام کو روزگار کےلئے متبادل ذرائع کی فراہمی کےلئے ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجویز قابل تحسین ہے۔ وزیرِاعظم جمعہ کو سرحدی علاقوں میں ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ کا ناسورنہ صرف ملکی وسائل اور آمدنی کو متاثر کرتا ہے بلکہ ملکی صنعتی کی تباہی کا باعث بنتا ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائے۔