نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر مشاورتی عمل تیز

November 09, 2019

قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) سے نکالنے کے لیے مشاورتی عمل تیز کردیا۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سمیت متعلقہ افسران معاملے کے حل کے لیے چھٹی کے روز بھی دفتر میں موجود ہیں۔

وزارت داخلہ نے وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد نیب حکام کو خط لکھا تھا، جس میں نواز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق رائے مانگی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق نیب حکام وزارت داخلہ کی درخواست کا قانونی جائزہ لے رہے ہیں ساتھ ہی انہوں نے وزارت داخلہ سے سابق وزیراعظم کی میڈیکل رپورٹس طلب کرلی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب حکام نے کہا کہ وزارت داخلہ کے خط کا جائزہ لے کر جلد جواب دیں گے، نواز شریف بیمار ہیں تو انہیں ضرور بیرون ملک علاج کے لیے بھیجا جانا چاہیے۔

وزارت داخلہ نے نیب حکام کو جو خط لکھا تھا اس میں نواز شریف کی بیماری کا ذکر کیا گیا تھا مگر سابق وزیراعظم کی طبی رپورٹس منسلک کر کے انہیں بھیجی تھیں۔

دوسری طرف پنجاب حکومت نے ایک بار پھر نواز شریف کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے، بورڈ سابق وزیراعظم کا بیرون ملک علاج کرانے یا نہ کرانے پر اپنی رائے دے گا۔