صدر آزاد کشمیر کی بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید

November 09, 2019

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے بابری مسجد کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو بدترین قرار دے دیا۔

جامعہ کراچی کے تحت بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم کے سیمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ایک مسجد مسمار کرکے وہاں مندر تعمیر کرنا اسلام پر براہ راست حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تنظیمیں بابری مسجد کے لیے کئی دہائیوں سے قرار دادیں پاس کرتی رہیں۔

سردار مسعود خان نے بھارتی سپریم کورٹکے فیصلے کو مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ بھارت نے اس فیصلے سے پوری دنیا کو للکارا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ متعصبانہ ہے، اس سے دو عقائد میں تصادم ہوگا۔

کرتارپور راہداری کے حوالے سے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھول کر پاکستان نے خیر سگالی کا پیغام دیا ہے، اس کے برعکس بھارت اپنے نت نئے ہتھکنڈوں سے ہندوتوا کے نظریہ کو فروغ دے رہا ہے۔