یومِ ولادتِ آقائے دوجہاں ﷺ کا توپوں کی سلامی سے آغاز

November 10, 2019

آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا یوم ولادت آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

یومِ ولادتِ آقائے دوجہاں ﷺ کا توپوں کی سلامی سے آغاز

جشن آمد رسول ہے، آقائے دو جہاں، رحمت العالمین، حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا یوم ولادت ہے، ہر طرف چراغاں اور جشن کا سماں ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے موقع پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

گھر گھر جشن کا سماں ہے، ملک بھر میں عاشقانِ رسول پیارے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی محبت میں نعت خوانی کی محافل کا اہتمام کر رہے ہیں، گلیاں، محلے، بازار، درود و سلام کی صداؤں سے گونج رہے ہیں۔

عمارتوں اور گھروں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، گلی گلی قریہ قریہ ذکرِ خاتم الانبیاء کا اہتما م کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عید میلاد النبی ﷺ بڑی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں آج مرکزی جلوس کے علاوہ مختلف علاقوں میں چھوٹے بڑے جلوس بھی نکالے جا رہے ہیں۔

کراچی میں بھی میلاد النبی ﷺ کی محافل سجی ہوئی ہیں جن میں حمد و نعت پیش کی جا رہی ہیں، اسی مناسبت سےشہر بھر میں رات میں چراغاں بھی کیا گیا۔

میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر بھر کی مساجد، عمارتیں اور شاہراہیں سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجائی گئیں، عاشقانِ رسول ﷺ کی جانب سے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے محافلِ میلاد منعقد کی جارہی ہیں جن میں پیغمبر اکرم ﷺ کی شان بیان کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: آزادی مارچ، سیرت النبیؐ کانفرنس کی تصاویر اور ویڈیو

کراچی میں مرکزی جلوس جماعت اہلسنت، سنی تحریک اور انجمن نوجوان اسلام کے تحت ایم اے جناح روڈ پر نیومیمن مسجد سے نمائش چورنگی تک نکالا جائے گا جبکہ مرکزی جلسہ نشترپارک میں منعقد کیا جائے گا۔

عاشقانِ رسول ﷺ کے لیے سبیل بھی لگائی گئی ہیں، شہر بھر میں سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

لاہورمیں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ

عیدمیلاد النبی صلی علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں لاہور میں شہر کی سرکاری اور نجی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا، دربار چوک سے ریگل چوک تک سالانہ مشعل بردار جلوس بھی نکالا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

رحمت العالمین، محسنِ انسانیت رسول کریم حضرت محمد ﷺ کا یومِ ولادت لاہور میں بھی بڑی دھوم سے منایا جا رہا ہے۔

نبی رحمت ﷺ کی ولادت کی خوشیاں کئی دن سے منائی جا رہی ہیں، آپ ﷺ کے آفاقی پیغام نے دنیا اور آنے والے زمانوں کو متاثر کیا۔

محبت، رواداری، مساوات، انصاف، عفو و درگزر اور صدق کا کون سا پہلو ہے جو آپ ﷺنے پیش نہ کیا ہو۔

علمائے کرام کا کہنا ہے کہ رسول کریم ﷺ خلقِ عظیم اور اسوۂ حسنہ کا کامل نمونہ ہیں، آپ ﷺکی سیرت اپنا کر ہم اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگی میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔

عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر عاشقانِ مصطفےٰ ﷺ میلاد کی محافل میں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہیں۔

عیدمیلاد النبی ﷺ کی خوشی میں لاہور میں شہر کی سرکاری اور نجی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا، دربار چوک سے ریگل چوک تک سالانہ مشعل برادر جلوس بھی نکالا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں پنجاب اسمبلی، واپڈا ہاؤس، ہائی کورٹ، جی پی او اور ٹاؤن ہال سمیت دیگر اہم سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے بہت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

مال روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر نجی عمارتوں، مساجد، گلیوں اور بازاروں کو بھی برقی قمقموں اور دیگر آرائشی سامان سے دلکش انداز سے آراستہ کیا گیا ہے۔

لاہور میں داتا دربار چوک سے سالانہ مشعل برادر جلوس بھی نکالا گیا، جس کے شرکاء بگھیوں، اونٹوں اور گھوڑوں پر سوار تھے، اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

مشعل برادر جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ریگل چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

کوئٹہ میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ

کوئٹہ میں بھی جشن عیدمیلاد النبی ﷺ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز کوئٹہ چھاؤنی میں 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، شہر میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

کوئٹہ میں عیدمیلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں شہر میں تقریباً ایک درجن چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے۔

مرکزی جلوس باچا خان چوک سے نکالا جائے گا جو لیاقت بازار، جنکشن چوک، پرنس روڈ، مسجد روڈ اور شاہراہِ اقبال سے ہوتا ہوا دوپہر تقریباً 2 بجے منان چوک جناح روڈ پر اختتام پزیر ہو گا۔

یہ بھی پڑھیئے: جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر

اس موقع پر جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے روٹ کو جانے والے تمام راستے بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ جلوس کےروٹ پر تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بھی بند ہیں۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ ایف سی کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

محکمۂ داخلہ نے شہر میں موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے شام 8 بجے تک بند رکھنے کے لیے وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔

ملتان میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ

جشن آمد رسول ﷺ کے سلسلے میں ملتان میں بھی نبی کریم ﷺ سے عشق کرنے والے اس دن کو منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

محبوب خدا، نبیِ دو جہاں، حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی ولادت کا ماہ مبارک آتے ہی عاشقان رسول ﷺکی محبتوں اور عقیدتوں کا آغاز ہو جاتا ہے۔

ملتان کی گلی گلی، بازار، اہم عمارتیں اور مساجد برقی قمقموں سے جگمگا اٹھتی ہیں، جبکہ مسجد نبوی، گنبد خضراء، خانہ کعبہ کے ماڈلز اور سبز پرچموں کی بہار بھی عمارتوں پر نظر آتی ہے۔

نبی کریم ﷺ پر محبت نچھاور کرنے والے مختلف میلاد کمیٹیوں کی جانب سے محفلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، ایسی محافل روحانی تسکین کے ساتھ حضرت محمد ﷺکی خوشنودی حاصل کرنے کا باعث بھی بنتی ہیں۔

12 ربیع الاول کے دن کو منانے کے لیے بچے، بزرگ اور بڑے نہ صرف بہت پرجوش نظر آتے ہیں بلکہ ان کی خواہش ہے کہ اس دن کو رہتی دنیا تک ایسے ہی عقیدت و احترام سے منایا جائے۔

اس موقع پر ملتان میں پانچ سو پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔

ملک کے دیگر شہروں میں جشنِ ولادت ﷺ

آقادو جہاںﷺ کی آمد کی خوشی میں چنیوٹ میں 63 من وزنی جبکہ رحیم یار خان میں 600 پونڈ وزنی کیک کاٹے گئے۔

گوجرانوالہ میں سومن کھیر کی دیگ تیار کی گئی۔

یہ بھی پڑھیئے: عید میلاد النّبی ﷺ، کل اخبارات کی تعطیل کا اعلان

بہاول نگر میں انجمن طلبائے اسلام کے کارکنوں نے مشعل بردار ریلی نکالی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں 12 ربیع الاوّل کے حوالے سے سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا اور عاشقانِ رسول ﷺ کے لیے کشمیری چائے اور مختلف پکوانوں کا اہتمام کیا گیا۔

آمد رسول ﷺ کا جشن پشاور میں بھی نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، جہاں عمارتوں اور مساجد کو برقی قمقموں، سبز جھنڈیوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔

سندھ کےمختلف شہروں میں بھی چراغاں کیا گیا ہے، سکھر کی گلیاں محلے درود و سلام کی صداؤں سے گونج رہے ہیں۔

حیدر آباد، بدین، نواب شاہ، لاڑکانہ، میر پور خاص، جیکب آباد کی شاہراہوں کو برقی قمقموں اور ہرے جھنڈوں سے سجا دیا گیا جبکہ شہروں میں محفل میلاد کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔