• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جشن میلاد کا جلوس، کراچی کی کونسی سڑک ٹریفک کیلئے بند؟

کراچی میں جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مرکزی جلوس کے سلسلے میں ایم اے جناح روڈ کو کنٹینرلگا کر ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے سلسلے میں ایم اے جناح روڈ کی ذیلی سڑکوں اور راستوں کو نمائش تا ٹاور گزشتہ شب ہی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔

ایم اے جناح روڈ کو کراس کرنے والا سول اسپتال کے سامنے سے گزرنے والا مشن روڈ عارضی طور پر ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے صبح سویرے کھولا گیا ہے جو جلوس کی آمد کے موقع پر سائیڈ پر رکھے کنٹینرز کی مدد سے بلاک کر دیا جائے گا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکیورٹی انتظامات کے تحت آج اور کل موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ادھر کوئٹہ اور جعفر آباد میں بھی صبح 8 سے رات 12 بجے تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق کوئٹہ میں صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے نوٹی فکیشن کے مطابق 12ربیع الاول کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع کوئٹہ اور جعفر آباد میں ایک دن کےلیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہے گی ۔

ان شہروں میں اسلحے کی نمائش اور لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی ہو گی۔

کوئٹہ شہر میں موبائل فون سروس صبح 9بجے سے دوپہر 2 بجے تک بند رہے گی۔

پنجاب کے شہروں فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ،کمالیہ، چیچہ وطنی میں بھی آج موبائل فون سروس معطل ہے۔

تازہ ترین