کےپی ٹی فوڈاتھارٹی کا آپریشن، 50 کے قریب غیرمعیاری خوراک بنانے کے مراکز سربمہر

November 12, 2019

پشاور (وقائع نگار) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر ڈی جی کے پی فوڈ اتھارٹی کی تشکیل کردہ خصوصی ٹیموں کا صوبے کے طول و عرض میں ’’آپریشن ضرب ملاوٹ‘‘ کے تحت ملاوٹ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر نے بتایا کہ خوراک کو ملاوٹ سے پاک کرنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اشیائے خورد و نوش کی 709 جگہوں کا معائنہ کیا گیا جن میں ریسٹورنٹس‘ ملک شاپس‘ فیکٹریاں‘ بیکریاں اور کریانہ کی دکانیں شامل ہیں۔ ان کارروائیوں میں 50 کے قریب غیر معیاری خوراک بنانے کے مراکز کو سربمہر کر دیا گیا اور12 ہزار کلو غیر معیاری خوراک کو تلف کر دیا گیا۔ اس دوران خوراک گردی میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ حکومت کی جانب سے ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے شروع کی گئی مہم جاری رہے گی۔