لاپتہ افراد کیس،قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رپورٹ طلب

November 13, 2019

سندھ ہائی کورٹ میں 40 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت میں عدالت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک ماہ میں پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں 40 سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، دوران سماعت لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محمد موسی کولاپتہ ہوئے 5 سال اور مہر بادشاہ کو 4 سال گزر گئے مگر دونوں کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا ہے۔

عدالت میں پولیس کی جانب سے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی اور بتایاگیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے، شہریوں کی بازیابی کے لیے دیگر صوبوں سے بھی رابطہ کیا ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ اور دیگر کو لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے لاپتہ شہریوں کو بازیاب کراکر ایک ماہ میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔