سندھ حکومت وفاق کی مداخلت چیلنج کریگی، مرتضیٰ وہاب

November 13, 2019

سندھ حکومت نے وفاق کی جانب سے صوبائی معاملات میں مداخلت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی ٰوہاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے صوبائی معاملات میں مداخلت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی حکومت نے آرڈیننس کے اجراء کے ذریعے صوبائی معاملات میں مداخلت کی اور ایسا کرنا اٹھارویں آئینی ترمیم کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کی تحلیل صوبوں کی مشاورت کے بغیر کی گئی اور دیگر آرڈیننس کے اجراء سے بھی وفاقی حکومت نے اپنے دائرہ کار سے تجاوز کیا۔