افغان وزارت داخلہ کے قریب کار بم حملے میں متعدد افراد ہلاک

November 14, 2019

کابل (جنگ نیوز)افغان وزارت داخلہ کے نزدیک خودکش کار بم حملے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک جبکہ 20زخمی ہوگئے ،غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلاک افراد میں بچے بھی شامل ہیں ،حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارتِ داخلہ کی عمارت کے قریب کار بم دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور 20زخمی ہو گئے ہیں۔حکام کی جانب سے 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق بدھ کی صبح وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں وہاں موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تاہم کسی فوری طور پرکسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔اس سے قبل افغان حکومت کے ترجمان نے کہا تھا کہ کار بم دھماکہ قصابہ کے علاقے میں صبح سات بجکر 25منٹ پر ہوا جس میں سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ دہشت گردوں کا ہدف کون سا مقام تھا۔افغان میڈیا کے مطابق جس علاقے میں دھماکہ ہوا وہاں محکمہ انسداد منشیات کے دفتر کے علاوہ متعدد غیر ملکی این جی اوز (غیر سرکاری تنظیموں) کے دفاتر موجود ہیں۔واضح رہے کہ دارالحکومت کابل میں دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب افغان حکومت نے طالبان کے قبضے میں موجود امریکی اور آسٹریلوی پروفیسرز کے بدلے دو طالبان کمانڈروں اور حقانی نیٹ ورک کے اہم رہنما جلال الدین حقانی کے بیٹے انس حقانی کو رہا کیا ہے۔