پاکستان میں 2 ٹیسٹ کھیلنے کا اعلان، سری لنکا نے دل جیت لئے

November 15, 2019

ابوظبی (عبدالماجدبھٹی/نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مسلسل کوششوں کے بعد دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ بھی واپس آگئی۔ راولپنڈی اور کراچی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچز کی میزبانی کریں گے۔ سری لنکا کے تمام صف اول کے کھلاڑیوں نے شرکت پر رضامندی ظاہر کرکے کرکٹ پرستاروں کے دل جیت لیے۔ اس سے قبل سینئر کھلاڑیوں نے محدود اوورز کی سیریز کیلئے پاکستان آنے سے معذرت کی تھی ۔ جمعرات کو پاکستان اور کرکٹ سری لنکا نے تصدیق کی ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز دسمبر میں پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ11سے 15دسمبر تک پنڈی جبکہ دوسرا19سے 23دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا کرکٹ نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کی ہے۔ موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ طویل فارمیٹ کی سیریز کے لیے ٹیم پاکستان بھجوانے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں۔ اب تیاری کا آغاز کیا جارہا ہے۔ سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ کی مکمل بحالی میں کردار ادا کرنے پر مسرور ہیں۔ پاکستان نے ابتدائی ایام میں سری لنکا کرکٹ کی بہت مدد کی۔ 2015 میں زمبابوے کی ون ڈے سیریز میں میزبانی کرنے کے بعد ٹیسٹ کھیلنے والے تین ملکوں پر مشتمل ورلڈ الیون نے 2017 میں پاکستان کا دورہ کر کے تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی تھی۔ پھر سری لنکا کی ٹیم ایک ون ڈے میچ کھیلنے پاکستان آئی تھی جس کے بعد ویسٹ انڈیز نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ تین سال سے ملک میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد بھی ہورہا ہے جس میں دنیا کے سپر اسٹارز نے شرکت کی خصوصاً پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 8 میچز پاکستان میں منعقد ہوئے جس میں تمام ہی ٹیموں کے غیرملکی کھلاڑیوں نے کراچی میں آکر میچ کھیلے تھے۔