کارپارکنگ کی سہولت ختم کرنے اورغیرقانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن

November 18, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سندھ بلڈنگ کنٹرول تھارٹی نے شہر کے مختلف کمرشل ایریا میں شاپنگ مال کے اندر موجود کار پارکنگ کی سہولیات کو بند کرنے اور اس میں مالکان کی طرف سے غیر قانونی طور پر گودام اور دکانیں قائم کرنے کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع ،طارق روڈ پرغیر قانونی تعمیرا ت کو منہدم کرتے ہوئے پارکنگ کی جگہ کر دی گئی آپریشن ایک ایک ہفتہ تک بلا تعطل جاری رہے گا ، ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اےظفر احسن کی خصوصی ہدایت پر سینئر ڈائریکٹر آشکار داور اور ڈائریکٹر ڈیمالیشن عبدالسجاد خان کی نگرانی میں ڈیمالیشن اسکواڈ نے پی ای سی ایچ ایس میں طارق روڈ کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں مہندم کردیا۔مزید برآں ایسی تمام عمارات کے مالکان کو متنبہ کیا گیا ہے کہ جنہوں نے اب تک کار پارکنگ کے ایریا کو بند کیا ہوا ہے انہیں فوری طور بحال کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف انہدامی کاروائی کے ساتھ قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈیمالیشن ٹیم نے کار پارکنگ ایریا میں قائم غیر قانونی تعمیرات دکانیں اور گودام جس میں شادمان مال واقع پلاٹ نمبر 158-Sبلاک 2،رابی سینٹر واقع پلاٹ نمبر 171/2-Aاور پلاٹ نمبر 157-K، بلاک 2کی کار پارکنگ پر غیر قانونی تعمیرا ت کو منہدم کرتے ہوئے پارکنگ کی جگہ کو بحال کردیا جبکہ ڈیزائنر مال واقع پلاٹ نمبر 157-S، بلاک نمبر 2 پی ای سی ایچ ایس پر تعمیرات کے حوالے سے سٹرک پر پڑے ہوئے کنسٹریکشن میٹریل کو ہٹا کر راستے کو صاف کردیا۔ مذکورہ بالا انہدامی کاروائی علاقے کے ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اورڈیمالیشن آفیسر کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی جبکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے ایس بی سی اے پولیس فورس بھی ان کے ہمراہ وہاں موجود تھی۔