اسمگلرز برطانیہ میں داخلہ کیلئے امیگرنٹس کو یو ٹیوب پر طریقے بتانے لگے

November 19, 2019

لندن (نیوز ڈیسک) مائیگرنٹس یخ لاریوں میں غیر قانونی طور پر برطانیہ میں داخل ہونے کے طریقے سکھانے کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں، ایسیکس کنٹینر ٹریجیڈی کے پس منظر میں پولیس چیفس نے سب سے بڑی ٹیکنالوجی فرمس سے ایسی پوسٹس پر کریک ڈائون کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹیلی گراف کے مطابق غیر قانونی مائیگرنٹس واضح طور پر یو ٹیوب ویڈیوز پوسٹ کر رہے ہیں، ان میں سے ایک ویڈیو میں ایک ٹین ایجر ایک یخ بستہ (ریفریجریٹیڈ ) ٹرک کے عقب میں شیخی بگھارتے ہوئے بتا رہا ہے کہ میں انگلینڈ میں داخل ہونے کیلئے صرف 40 منٹ کی مسافت پر ہوں۔ کیمرہ کے سامنے بولتے سردی سے ٹھٹرتے ٹین ایج مائیگرنٹ کا کہنا تھا کہ میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں، جس نے انگلینڈ جا نے میں مدد کی مگر میری طرح برطانیہ کا سفر کرنے کے خواہشمند تمام لوگ یہ سمجھ لیں کہ سفر بہت مختلف ہے۔ مارچ 2019 میں شائع ہونے والی ایک اور ویڈیو میں نامعلوم چینل پورٹ پر ایک فریٹ پارک میں کھڑی لاری کے اوپری حصہ میں لیٹے ہوئے ایک مائیگرنٹ کو چہرہ سردی سے بچانے کیلئے نیچے جھکائے دکھایا گیا تھا۔ ایک تیسری ویڈیو میں تین مائیگرنٹس کو ایک ایسی لاری میں کنواس کے نیچے ہنستے اور مذاق کرتے دکھایا گیا جو کہ برطانیہ میں داخلے کیلئے رات کے وقت سفر کر رہی تھی۔ سمگلروں کی جانب سے اپنے کامیاب کسٹمرز کی گفتگو پر مشتمل ویڈیوز جاری کر کے نوجوانوں کو اسی طرح یورپ میں داخلے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ فیس بک کے ذریعے یہ ترغیب ایسے وقت دی جارہی ہے، جب 39 ویت نامی مائیگرنٹس کی عبرت ناک موت کا سانحہ پیش آ چکا ہے جو کہ ایک ریفریجریٹیڈ ٹرک کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہونے کیلئے سفر کر رہے تھے کہ دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔