مجھے کیوں نکالا سے خدا کیلئے مجھے نکالو کا سفر اختتام کی طرف گامزن، فواد چوہدری

November 20, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کی پریس کانفرنس

کراچی ،اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں )پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی پر تنقید کی ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے کیوں نکالا سے خدا کے لیے مجھے نکالوکا سفراب اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دعا ہے نواز شریف جلد صحت مند ہوں تاکہ واپس آکرقانون کاسامنا کر سکیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کسی کو این آر او نہیں دیا گیا بلکہ عدالتی فیصلے کا احترام کیا گیا۔

وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ سعودی عرب کے بعد ایک بار پھر نواز شریف ملک سے روانہ ہو گئے ہیں، سوٹ پہنے ہشاش بشاش اپنے پاؤں پر جہاز کے اندر گئے، نواز شریف ایک بار پھر پاکستانی نظام کو انگوٹھا دکھا کر چلتے بنے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیربرائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بار پھر سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی پر تنقید کی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے کیوں نکالا سے خدا کے لیے مجھے نکالو کا سفر اب اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے، ایسی لیڈرشپ جب ووٹ کیلئے عزت مانگتی ہے تو دراصل جمہوری نظام کا مذاق بنتا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دعا ہے نواز شریف جلد صحت مند ہوں تاکہ واپس آکرقانون کاسامنا کر سکیں، وزیراعظم نے انسانی احترام اور قانون کی بالادستی کی مثال قائم کی، عمران خان کوہرا نے کی کوشش کرنےوالے ان سے ہارے اور آئندہ بھی ہاریں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے کابینہ کے اکثریتی فیصلے سے متعلق سوال کا کوئی جواب نہ دیا اور وزیر اعظم عمران خان کے موقف کی تائید کر دی اور کہا کہ ’’باس اِز آلویز رائٹ‘‘۔

گورنرسندھ نےعمران اسماعیل کہا ہے کہ سیاسی معاملات سیاسی لوگ دیکھتے ہیں فوج اپنا کام کررہی ہے، کسی کو این آر او نہیں دیا گیا بلکہ عدالتی فیصلے کا احترام کیا گیا، جے یو آئی کا دھرنا آخری ہچکیاں لیتے ہوئے اپنے منقی انجام تک پہنچ چکا ہے، عوام خود راستے کھول رہے ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہےکہ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ تھر میں وافر مقدار میں معدنیات کے ذخائر موجود ہیں جس کے لئے حکومت سندھ کو عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

قبل ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ کے ورکرز سے ہمدردی ہے جو نواز شریف کو لیڈر مان کر دن رات ایک کررہے ہوتے ہیں، (ن) لیگ کی قیادت نے اپنے ورکروں کو دغادیا۔

وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے بعد ایک بار پھر نواز شریف ملک سے روانہ ہو گئے ہیں، سوٹ پہنے ہشاش بشاش اپنے پاؤں پر جہاز کے اندر گئے۔