انسداد تجاوزات کے تمام متاثرین کو متبادل جگہ دینگے، میئر کراچی

November 22, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ لائٹ ہائوس، لنڈا بازار مارکیٹ سمیت انسداد تجاوزات کارروائی میں متاثرہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام کرایے داروں کوکاروبار کے لئے متبادل جگہ دینا چاہتے ہیں، لنڈا بازار تاجر ایسوسی ایشن اور کے ایم سی افسران پر مشتمل ٹیم شہر کے مختلف علاقوں میں مشترکہ سروے کرے گی جس کی روشنی میں متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہیں الاٹ کی جائیں گی، وہ جمعرات کو یہاں اپنے دفتر میں لائٹ ہائوس ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر حکیم شاہ کی سربراہی میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے، میئر نے کہا کہ متاثرہ دکانداروں کی آباد کاری کے حوالے سے ہم نیک نیتی سے کوششیں کررہے ہیں، ہم ایسی حکمت عملی بنا رہے ہیں کہ جن جگہوں پر ان تاجروں کو بسایا جائے وہ غیر متنازع ہوں اور آئندہ کوئی انہیں وہاں سے نہ ہٹاسکے، بلوچ پارک مارکیٹ سمیت دیگر متنازع مارکیٹس کے تاجروں کو بہترین متبادل جگہیں فراہم کردی ہیں۔