تمام فارن فنڈنگ کیسز کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے، حکومت

November 22, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

تمام فارن فنڈنگ کیسز کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے، حکومت

اسلام آباد (ایجنسیاں) حکومت نے کہاہے کہ فارن فنڈنگ کیسز کا فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے۔ الیکشن کمیشن میں موجود تمام فارن فنڈنگ کیسز کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے‘الیکشن کمیشن کو یرغمال بنانے کی کوشش کی جارہی ہے‘اپنے مؤقف اورنظریے پر ڈٹ پرکھڑے ہیں ‘دوسروں کی طرح احتساب سے بھاگنے والے نہیں‘ کمائی حلال کی ہو تو برسوں بعد بھی رسیدیں مل جایا کرتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان ‘ ممبر قومی اسمبلی فرخ حبیب اوروفاقی وزیر مرادسعید نے احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے‘ یہ مسلسل چور مچائے شور فلم کا فلاپ شو پیش کر رہی ہے‘الیکشن کمیشن کو یرغمال بنا کر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

جمعرات کو فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہاکہ ہم اپنے موقف اور نظریئے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے والے نہیں۔

دریں اثناء ممبرقومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ فارن فنڈنگ کیسز کا فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے۔ الیکشن کمیشن میں موجود تمام فارن فنڈنگ کیسز کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے‘تمام پارٹی اکاؤنٹس کا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیاہے۔

مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی نے نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ، امریکا اور دوسرے ممالک میں بھی اپنی پارٹیوں کے اکاؤنٹس کھول رکھے ہیں جن کے ذریعے وہ اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بیرون ملک منتقل کرتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے بار بار طلب کرنے کے باوجود اپنے اکاونٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کیںاورنہ ہی اپنے اکاؤنٹس کا آڈٹ کسی اچھی شہرت کی حامل آڈٹ فرم سےکروایا۔

الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق ایک سیاسی پارٹی دوسری سیاسی پارٹی کو اپنے فنڈز ٹرانسفر نہیں کر سکتی۔ مگر پیپلزپارٹی اورپیپلزپارٹی پارلیمینٹیرین الیکشن کمیشن کے قواعد کی صریحاً خلاف ورزی کرتی رہی ہیں۔ فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی جانب سے 2017ء میں مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کے خلاف دی جانے والے فارن فنڈنگ کیس کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں پارٹیوں سے ان کے فارن اکاؤنٹس کی تمام تفصیلات طلب کرے ۔

ادھروفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ احسن اقبال جان بوجھ کر حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں، عمران خان نے دکھایا کہ حلال کمائی کی ہو تو برسوں بعد بھی رسیدیں مل جایا کرتی ہیں۔

احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئےمراد سعید نے کہا کہ بھائی کے ٹھیکوں سے اربوں کمانے والوں کے چہروں سے خوف صاف جھلک رہا ہے، ہم نے اداروں کو چٹھیاں نہیں مصدقہ سرکاری دستاویز فراہم کی ہیں ۔

احسن اقبال کے لیڈر کو نہ رسیدیں ملیں اور نہ قطری خط کا کیلبری فونٹ کام آیا۔