منظر امام قتل ، سزائے موت کا ملزم بری

November 22, 2019

سندھ ہائی کورٹ نے ايم کيو ايم کے سابق رکن سندھ اسمبلی منظر امام کے قتل ميں گرفتار ملزم محمد عاشق کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیوایم کے سابق رکن اسمبلی منظر امام قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت کی جانب سے ملزم محمد عاشق کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے سزا کالعدم قرار دی اور جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن ملزم کی سزا برقرار رکھنے کے لیے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔

واضح رہے کہ ملزم محمد عاشق کو منظر امام سمیت 4 افراد کے قتل کا جرم ثابت ہونے پرانسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔

ایم کیوایم کے رہنماء منظر امام کو2013 میں گن مین، ڈرائیور سمیت کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قتل کیا گیا تھا۔