سندھ حکومت کاہاتھ لگنے سے ہر چیز کرپٹ ہو جاتی ہے، فردوس شمیم

November 24, 2019

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ہونے والی مبینہ کرپشن کے بارے میں کہا کہ سندھ حکومت کا جس چیز پر ہاتھ لگ جائے وہ کرپٹ ہو جاتی ہے۔

انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب پر 14 ارب روپے کا قرضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے میں چیف ایگزیکٹیو سمیت بیشتر ملازمین من مانی تنخواہوں پر تعینات ہیں،جبکہ 20 سالوں سے بیلنس شیٹ نہیں بنائی گئی ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فردوس شمیم کا کہنا تھا کہ وفاق بغیر فارنزک آڈٹ کے کوئی ادارہ نہیں لے گی، پہلے یہ ذمہ داریاں پوری کریں تب ہم اداروں کو لیں گے۔