میڈیا پر دباؤ ڈالنا جمہوری اصولوں کےمنافی ہے، بلاول بھٹو

December 02, 2019

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمن بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ میڈیا پر دباؤ ڈالنا اورڈکٹیٹ کرنا جمہوری اصولوں کےمنافی ہے۔

لاہورسے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے ڈان اسلام آباد کے دفترکے گھیراؤ کی مذمت کی، اور کہا کہ احتجاج کے نام پرکسی کوبھی آزادی صحافت پرحملےکی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت مسلسل آزادی صحافت پرحملہ آور ہے، یہ برداشت نہیں کیاجاسکتا، حکومت نےجمہوری، بنیادی انسانی حقوق اور میڈیا کی آزادی تک صلب کر رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں ایک گروپ نے آکر میڈیا ہاؤس کا راستہ بندکردیا، حکومت تماشہ دیکھتی رہی، یہ گھیراؤ میڈیا کی آواز دبانےکا ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ حکومت گھیراؤ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرے، پیپلز پارٹی ان فاشسٹ ہتھکنڈوں کے خلاف صحافی براداری کے ساتھ ہے۔