5 پاکستانی کمپنیوں پر پابندی،امریکا سے امپورٹ نہیں کرسکیں گی،ایک کمپنی خارج

December 03, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پانچ پاکستانی کمپنیاں امریکی اینٹٹی لسٹ میں شامل، امریکہ سے امپورٹ نہیں کر سکیں گی، فہرست میں دنیا بھر سے 22کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق پاکستان کی پانچ کمپنیوں کو امریکہ کی اینٹٹی لسٹ Entity List میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ ایک پاکستانی کمپنی کو لسٹ سے نکال دیاگیا ہے۔ اس فہرست میں شامل کمپنیاں امریکا سے امپورٹ نہیں کر سکیں گی۔ رپورٹس کے مطابق امریکی کامرس ڈپارٹمنٹ کے بیورو آف انڈسٹری اینڈ سکیورٹی (بی آئی ایس) کی اس فہرست میں حال ہی میں دنیا بھر سے مجموعی طور پرپاکستان سمیت ایک درجن سے زائد ممالک کی 22 کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ امریکہ کی وفاقی رجسٹری کے مطابق اس اینٹٹی لسٹ میں ان کمپنیوں کو شامل کیا جاتا ہے جن کے بارے میں حکام کو یقین ہوتا ہے کہ وہ امریکہ کے فارن پالیسی یا قومی سلامتی کے مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمی میں ملوث رہی ہیں یا ابھی ہیں یا ملوث ہورہی ہیں۔