بیان نہیں بدلوں گا، یہی لڑکے پاکستان کا اثاثہ ہیں، وقار یونس

December 03, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

پی سی بی کی ویب سائٹ سے لیا گیا وقار یونس کا آڈیو بیان

قومی ٹیم کے بالنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ میں اپنا بیان نہیں بدلوں گا، یہی لڑکے مستقبل میں پاکستان کا اثاثہ ہیں۔

قومی ٹیم کے بالنگ کوچ وقاریونس کا گرین شرٹس کا آسٹریلیا کی ٹیم کے ہاتھوں وائٹ واش ہونے پر کہنا ہے کہ جن نتائج کی توقع کر رہے تھے وہ نہیں حاصل کرسکے، لڑکے نو عمر تھے اس عمر میں اتنی میچورٹی نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ ان لڑکوں کو ایک یا دو ٹیسٹ میچ پر باہر کرنا زیادتی ہوگی، عمران خان اچھا بولرہے مگر وہ دباؤ کا شکار ہوگئے ۔

بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ان لڑکوں کو 6 ماہ یا 1 سال کا عرصہ دیا تو یہ بہترین نتائج ملیں گے، شاہین آفریدی سب کے سامنے ایک مثال ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کل آسٹریلیا سے وطن واپسی کے لیے سفر شروع کرے گی۔

زرائع کے مطابق قومی کرکٹرز 5 اور 6 دسمبر کی درمیانی شب پاکستان پہنچیں گے جبکہ ‏ لاہور پہنچنے پر ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق پریس کانفرنس کریں گے۔

زرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان سات دسمبر کو متوقع ہے، ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی کرکٹرز 8 دسمبر کو راولپنڈی میں اکٹھے ہوں گے جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر سے شروع ہو گا۔

واضح رہے کہ ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے ’پنک بال ‘ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف اننگز اور 48 رنز سے شکست ہوئی تھی ۔

دورہ آسٹریلیا میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے بعد 2 ٹیسٹ کی سیریز میں بھی گرین شرٹس کو وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا۔

ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں بھی کپتان سمیت 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔