آلودگی کم کرکے سالانہ 10 لاکھ جانیں بچائی جاسکتی ہیں،عالمی ادارہ صحت

December 04, 2019

نیویارک (جنگ نیوز)عالمی ادارہ صحت نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم ان بیماریوں کا مقابلہ کرنے کیلئے فنڈز کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کم کرنے سے سالانہ 10لاکھ جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔اسپین کے شہر میڈرڈ میں ماحولیاتی کانفرنس سے ایک روز قبل جاری رپورٹ میں ڈبلیو ایچ اے کا کہنا ہے کہ موسم کی شدت اور مچھر سے جنم لینے والی بیماریاں پوری دنیا میں عام ہیں۔ ادارے نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ گرمی میں اضافے کا سبب بننے والی کاربن گیسوں کا اخراج کم کر کے سالانہ لاکھوں افراد کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ڈبلیو ایچ او کی ڈائریکٹر برائے ماحولیاتی تبدیلیاں ماریہ نیرا کا کہنا ہے کہ "فضا میں پائی جانے والی آلودگی سے ہمارے پھیپھڑے، گردے اور دل براہ راست متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے صحت پر پڑنے والے اثرات کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر صرف ایک فی صد رقم خرچ کی جاتی ہے جو ناکافی ہے۔اس سے قبل ماہرین ماحولیات نے گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ فضائی آلودگی کا سبب بننے والی ʼگرین ہاؤس گیسز کے گزشتہ سال ریکارڈ اخراج کے باعث موجودہ صدی میں عالمی درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔