نیازی، نیب گٹھ جوڑ ایک بار پھر ناکام ہوگیا، شہباز شریف

December 04, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

نیازی، نیب گٹھ جوڑ ایک بار پھر ناکام ہوگیا، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیازی، نیب گٹھ جوڑ ایک بار پھر ناکام ہوگیا، ہماری نیک نیتی کی گواہی کل عدالت عظمیٰ میں بھی سنی گئی۔

لندن میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ اللہ رب العزت کا شکر ہے، جس نے کل سچ اور جھوٹ کو الگ الگ کرکے دکھادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم کی بے گناہی ایک ایک کرکے سامنے آرہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ کل جس طرح قومی احتساب بیورو( نیب) نے اپنی درخواستیں واپس لیں اور عدالت نے جو ریمارکس دیے، اس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان کی تاریخ میں عمران خان نیازی سے زیادہ جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا، کہاں گئے 50 لاکھ گھر؟ ڈیڑھ سال میں انہوں نے ایک گھر نہیں بنایا۔

شہباز شریف نے استفسار کیا کہ کہاں گئی وہ 56 کمپنیاں جس کے بارے میں باتیں کی جاتی ہیں؟ کہاں گئے ملتان میٹرو میں کک بیکس لینے کے الزامات؟

انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ کیا تحریک انصاف کی پہلی صف میں بیٹھے لوگوں میں قرضہ خور شامل نہیں؟ پونے 2 سال سے اورینج لائن منصوبہ کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔

اپوزیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کی لندن میں جائیدادیں ہیں، مالیوں اور باورچیوں کے نام پر اثاثے نکل آئے ہیں، پشاور میٹرو 100 ارب روپے میں بھی مکمل نہیں ہورہا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو(نیب) عمران خان نیازی کی ٹیم کا حصہ ہے، نیب وکیل نعیم بخاری کی دال نہیں گلی تو انہوں نے میرے خلاف درخواستیں واپس لے لیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں سرخ رو اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ناکام کیا ہے، اس گٹھ جوڑ نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں جو کچھ کیا ہے اس سے ہر پاکستانی رنجیدہ ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کل میرے خلاف نیب نے اثاثے منجمد کرنے کے آرڈر جاری کروائے ہیں، جبکہ ہم باقاعدگی سے اثاثے ڈکلیئر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا چیلنج پورا کیا۔