حکومت، اپوزیشن مجوزہ چیف الیکشن کمشنر امیدوار، کون کیا ہے ؟

December 06, 2019

اسلام آباد (طارق بٹ) وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کے منصب کے لئے اُمیدواروں میں ریٹائرڈ بیورو کریٹس کے نام تجویز کئے ہیں۔ ان میں روایت کے برخلاف کسی ریٹائرڈ جج کا نام شامل نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن کے موجودہ سیکرٹری بھی اُمیدواروں میں شامل ہیں۔ اس طرح ایک ریٹائرڈ بیورو کریٹ چار دہائیوں بعد چیف الیکشن کمشنر کے اعلیٰ منصب پر فائز ہونے جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے تین تین نام تجویز کئے ہیں جن میں اعلیٰ عدلیہ کے کسی ایک بھی سابق جج کا نام شامل نہیں ہے۔ اب تک صرف چار سابق سرکاری ملازمین ہی چیف الیکشن کمشنر بن سکے جبکہ موجودہ سمیت باقی تمام 13 چیف الیکشن کمشنرز سابق جج ہی مقرر ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی ریٹائرمنٹ سے ایک روز قبل وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح، عارف خان اور فضل عباس مکین کے نام تجویز کئے۔ شہبازشریف کی جانب سے ممکنہ اُمیدواروں میں ناصر محمود کھوسہ، اخلاق تارڑ اور جلیل عباس جیلانی کے نام دیئے گئے۔ بابر یعقوب فتح 15 مئی 2015ء سے سیکرٹری الیکشن کمیشن چلے آ رے ہیں۔ انہیں اکتوبر 2015ء میں ریٹائر ہو جانا تھا۔

تاہم ان کے عہدے کی میعاد میں تین سال کی توسیع کر دی گئی۔ جولائی 2018ء میں عام انتخابات کے موقع پر وہ سیکرٹری الیکشن کمیشن رہے۔ وہ واحد بیورو کریٹ ہیں جنہیں عرصہ بعد یہ سہولت دی گئی۔ وہ گلگت بلتستان کے بھی چیف سیکرٹری رہے۔

ان کے ایک بھائی سیاست میں سرگرم ہیں جبکہ ایک اور بھائی بریگیڈیئر طارق فتح ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے کمانڈر رہے اور اکتوبر 1999ء میں سابق فوجی حکمراں جنرل (ر) پرویز مشرف کی مبینہ ہائی جیکنگ کے موقع پر وہ کراچی ایئرپورٹ کے انچارج رہے۔

وزیراعظم کے نامزد ایک اور اُمیدوار عارف خان سیکرٹری خزانہ رہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔ فضل عباس مکین حال ہی میں کابینہ سیکرٹری کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ بھارت میں پاکستان کے ٹریڈ منسٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

شہباز شریف کے تجویز کردہ ناصر محمود کھوسہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بھائی ہیں۔ شہبازشریف کے دور وزارت اعلیٰ پنجاب میں چیف سیکرٹری رہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

بلوچستان کے چیف سیکرٹری کے علاوہ ورلڈ بینک میں پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بھی رہے۔ اخلاق تارڑ نے سیکرٹری کابینہ و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ فیڈرل سروس کمیشن کے رکن بھی رہے۔

پنجاب میں سیکرٹری بلدیات اور سینئر رکن بورڈ آف ریونیو کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ جلیل عباس جیلانی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کے رشتہ دار ہیں۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر رہے۔