پاکستانی خواتین کو دلہن بنا کر چین میں فروخت کرنیکی خبریں بے بنیاد، چینی سفارتخانہ

December 06, 2019

اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی) پاکستانی خواتین کو مبینہ طور پر دلہن بنا کر چین میں فروخت کئے جانے والی خبروں پر اسلام آباد میں چینی سفارتخانے نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان خبروں کو بے بنیاد اور پرانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی مشترکہ کوششوں سے غیر قانونی شادیوں کی سرگرمیوں کوموثر طور پرختم کردیا گیاہے، ایسی خبروں کے بارے میں جو غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے شائع ہوئی ہیں ان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے یہ پرانے اور من گھڑت الزامات کے سوا کچھ نہیں۔ جمعرات کو اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 629 پاکستانی دلہنوں کی چین میں فروخت، جبری جسم فروشی اور اعضا کی فروختگی یہ سب بے بنیاد خبریں ہیں جنہیں ایک بار پھر شائع کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانے نے بین الاقوامی شادیوں پر ایک واضح موقف اپنایا ہے جس کے مطابق چینی حکومت قانونی شادیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔