ٹاسک فورس کی کیپسول سے کتوں کی ہلاکت کی مخالفت

December 06, 2019

سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں آوارہ کتوں کے کاٹنے اور اینٹی ریبیز ویکسین کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران ٹاسک فورس نے کیپسول کے ذریعے کتوں کو ہلاک کرنے کی مخالفت کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں آوارہ کتوں کے کاٹنے اور ویکسین کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران عدالت میں سیکریٹری بلدیات کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی۔

رپورٹ میں ٹاسک فورس نے کیپسول کے ذریعے کتوں کو ہلاک کرنے کی مخالفت کی۔

رپورٹ میں سیکریٹری بلدیات نے بتایا ہے کہ کتوں کو زہریلے کیپسول کے ذریعے ہلاک کرنا اذیت ناک عمل ہے، اگر کیپسول سے کتا ہلاک نہ ہو تو وہ پاگل ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کوئٹہ میں کتا مار مہم جاری، پہلے روز چالیس تلف

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ زہریلے کیپسول سے کتوں کی ہلاکت سے ماحول میں آلودگی بھی پیدا ہوتی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران شہر بھر میں تین ہزار سے زائد کتوں کو ہلاک کیا گیا ہے اور مختلف ڈی ایم سیز کو کتا مار مہم کے لیے 76 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔