موٹر سائیکل سکیم میں کروڑوں کافراڈ، 2 ملزموں کا مزید ریمانڈ

December 08, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے شہریوں سے موٹر سائیکل بکنگ کی مد میں کروڑوں روپے ہتھیانے کے مقدمے میں گرفتار 2 ملزموں مزید 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ۔فاضل عدالت میں نیب حکام کی مطابق ملزموں اسلم اور اکرم نے موٹر سائیکل سکیم کی نام پر کئی شہریوں سے کروڑوں روپے ہتھیائے اورشہریوں کو منافع دینے کا وعدہ کیا لیکن بعد میں غائب ہو گئے۔ملزمان کیخلاف نیب کو 600 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جس پر مذکورہ ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔اس لئے ملزمان نے تفتیش اور برآمدگی کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا جائے۔ مجسٹریٹ کورٹ نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار سکھ پورن سنگھ کو کرائے کی رقم ادا کرنے پر چھوڑنے بصورت دیگر ایک سال کیلئے جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ مجسٹریٹ کورٹ نےغیر قانونی مطالبات تسلیم نہ کرنے کی رنجش میں نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دینے والے دو ملزمان راشد اور شہزاد کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔سیشن کورٹ نے بوگس چیک کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد ظفر کی عبوری ضمانت 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکہ پر کنفرم کرتے ہوئے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔سیشن کورٹ نے منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث ملزم انتظار حسین کو جرم ثابت ہونے پرایک سال قید اور10 ہزار روپے جرمانہ، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید ایک ماہ قید میں رکھنے کی سزا کا حکم دیا ہے۔مجسٹریٹ کورٹ نے اپنی آزاد مرضی سے زندگی بسر کرنے کی خواہش مند خاتون پٹھانی مائی کو دارلامان سے آزاد کرنے کا حکم دیا ہے۔مجسٹریٹ کورٹ نے امانت میں خیانت اور تشدد کے مقدمہ میں ملوث ملزمان محمد ابوبکراورمحمدخرم کو ناقص شواہد کی بناءپر بری کرنے کا حکم دیا ہے۔مجسٹریٹ کورٹ نے بجلی چوری کرنے کے مقدمات میں ملوث 2 ملزمان محمد افضل اور کو محمد فیاض اقبال جرم پر ایک,ایک سال پروبیشن پر بھجوانے کا حکم دیا ہے۔مجسٹریٹ کورٹ نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر رقم بٹورنے والے2 ملزمان محمد سلیم اور خالد حسین کا جو ڈیشل ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا ہے۔مجسٹریٹ کورٹ نے بجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم انتظار حسین کو ایک سال کیلئے پروبیشن پر رہنے کی سزا کا حکم دیا ۔جسٹس آف پیس نے خاتون رانی بانو کے گھر کا قیمتی سامان چوری کرنے والے افراد رمضان ، علی حسن ، شان علی ، ثمرین بی بی اور بھرانوں بی بی کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی سے 21 دسمبر کو جواب طلب کرلیا۔جسٹس آف پیس نے پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے افشاءیعقوب اور محمد مدثر کو ہراساں و پریشان کرنے بارے درخواست پر ایس ایچ او تھانہ قطب پور سے 23 دسمبر کو جواب طلب کرلیا ۔جسٹس آف پیس نے معززین خاندان کےفیصلہ پر شادی کرنے والی خاتون ریحانہ بی بی کو ہراساں کرنے سے پولیس کو روکتے ہوئے قانون کے دائرہ میں رہنے کا حکم دیا ہے۔