محنت کر رہا تھا پھل ملا ہے، فواد

December 08, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

فواد عالم کی پریس کانفرنس

دس سال بعد پاکستان ٹیم میں منتخب ہونے والے بیٹسمین فواد عالم کا کہنا ہے کہ محنت کر رہا تھا پھل ملا ہے، سری لنکا کے خلاف اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد عالم کا کہنا تھا کہ وہ سب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کو سپورٹ کیا اور دعائیں کیں۔

فواد عالم نے کہا کہ وہ قومی ٹیم میں سلیکشن پر بہت خوش ہیں، جتنی کارکردگی دکھائیں اتنا ہی سلیکشن کا چانس ملتا ہے، خوشی کی بات ہے کہ 16 کے اسکواڈ میں آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کافی عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، اب تک صرف تین ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، اس لیے میرے جذبات ڈیبیو والے ہوں گے۔

قومی ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر کرکٹ چھوڑنے سے متعلق سوال پر فواد عالم کا کہنا تھا کرکٹ چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، اسی سے تو روزی روٹی چل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا سری لنکا میں ڈیبیو کیا تھا اور اب بھی سری لنکا کے خلاف ہی کھیلوں گا۔

فواد نے کہا کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے، ٹیسٹ کرکٹ کے لیے سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا میں اچھا پیغام جائے گا۔

بیٹنگ کے دوران دباؤ سے متعلق سوال پر فواد عالم کا کہنا تھا کلب کرکٹ ہو یا ڈومیسٹک پرفارمنس کا دباؤ رہتا ہے، کوشش کروں گا کہ پرفارم کروں اور ناقدین کو غلط ثابت کروں۔