وسیم اکرم کو چیئرمین پی سی بی کرکٹ کمیٹی بنانے کا امکان

December 10, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے اختیارات میں کمی ہونے کے بعدسابق کپتان وسیم اکرم کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ نئے چیئرمین کی تقرری دو ہفتے میں کی جائے گی جبکہ نئی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس بنگلہ دیش کی ہو م سیریز سے پہلے ہوگا۔ مصباح الحق کی جگہ بھی نئے رکن کا تقرر کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان جلد وسیم اکرم سے اس حوالے سے بات کریں گے اور انہیں چیئرمین کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے جس کے بعد کمیٹی کے دیگر اراکین کے لیے بھی بورڈ کے عہدیدار سابق کرکٹرز سے رابطے کریں گے۔ کمیٹی میں چیف ایگزیکٹو وسیم خان اب صرف رکن کی حیثیت سے شامل ہوں گے جب کہ کمیٹی میں بورڈ کے دیگر عہدیدار شامل نہیں ہوں گے۔ پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کو مکمل با اختیار بنانے کا فیصلہ کیا ہے اب کرکٹرز ہی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ مصباح الحق بھی ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کرکٹ کمیٹی سے الگ ہوچکے ہیں۔ کمیٹی کے دیگر اراکین کےلئے بھی کرکٹرز سے ملاقات مہم شروع کی جارہی ہے، نئی کرکٹ کمیٹی میں وسیم خان بورڈ کے واحد نمائندہ ہوں گے۔تمام ارکان بغیر معاوضہ کام کریں گے۔ اجلاس میں شرکت پررہائش اور ڈیلی الائونس انہیں ملےگا۔ کرکٹ کمیٹی ہیڈکوچ، چیف سلیکٹر سمیت ہر اس آفیشل کو بلاکر باز پرس کرسکے گی جو ٹیموں کے ساتھ ذمہ داریاں نبھارہا ہوگا۔ تاہم اسے صرف سفارشات دینے کا اختیار ہوگا۔