تحریک اساتذہ پنجاب کے زیراہتمام آج یوم احتجاج منایا جائےگا

December 10, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر ) سرکاری تعلیمی اداروں کو بلدیات کے حوالے کرنے کے فیصلے کے خلاف تحریک اساتذہ پنجاب کے زیراہتمام آج 10دسمبر کو ملتان ڈویژن میں یوم احتجاج منایا جائے گا ۔ملتان میں نواں شہر چوک پر دن تین بجے اساتذہ بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے جس کی قیادت تحریک اساتذہ ملتان کے چیئرمین رانا الطاف حسین، پی ٹی یو کے مرکزی جنرل سیکر ٹری رانا لیاقت علی ، اساتذہ رہنما عابد فرید بزدار کریں گے جبکہ اساتذہ رہنماؤں رانا لیاقت علی ، رانا الطاف حسین ، عابد فرید بزدار نے گزشتہ روز سرکاری تعلیمی اداروں کی بلدیات کو حوالگی کے فیصلے کے خلاف خانیوال میں اساتذہ رہنما طارق نیازی، وہاڑی میں مہر اشرف ، ارشاد عزیز ، ارشد گوندل کے زیراہتمام منعقدہ احتجاجی اجلاسوں میں شرکت کی اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیم کش پالیسیوں کی بجائے تعلیم دوست پالیسیاں بنائے اور اساتذہ ، طلبہ کو سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کرے اگر موجودہ حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں کی بلدیات کو حوالگی کا فیصلہ واپس نہ لیا تو 21دسمبر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے صوبہ بھر کے اساتذہ احتجاج کریں گے بصورت دیگر آئندہ کی حکمت عملی میں تعلیم اور تعلیمی اداروں کے مفاد میں اہم فیصلے ا علان کریں گے احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے جو زاتی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مفاد میں ہے اسی لئے حکومت ایسا کوئی قدم نہ اٹھائے کہ جس کی وجہ سے تعلیم کے شعبہ کو نقصان پہنچے ۔