پنڈی ٹیسٹ، بارش سے میچ کا مزہ کرکرا ہونے کا امکان

December 11, 2019

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں پہلے ٹیسٹ میں بدھ سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہونگیں۔ میچ کے پہلے روز بارش سے مزہ کرکرا ہونے کا امکان ہے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 15 سال بعد کسی ٹیسٹ ٹیم نے میدان میں قدم رکھا۔ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق ، سری لنکن ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ، کپتان دموتھ کرونا رتنے اور آئی سی سی میچ آفیشلز نے بھی پچ کا معائنہ کیا۔ منگل کو دونوں ٹیموں نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کی۔ سری لنکا کرکٹ ٹیم نے پہلے وارپ اپ کے لیے ورزش کیں۔ پاکستان کرکٹ نیٹ پریکٹس سے پہلے کیچز کی پریکٹس کی۔ پاک فوج ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسٹیڈیم کا فضائی معائنہ کرتی رہی۔ پریکٹس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بیٹنگ لیجنڈ جاوید میانداد اور سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان بندولا ورنا پورا بھی موجود تھے۔