اولڈہم میں اکیڈمی آف سائنس ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ کی تقسیم اسناد کی تقریب

December 11, 2019

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) تعلیم بالغاں کو فروغ دینے کے لیے اولڈہم میں قائم اکیڈمی آف سائنس ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ مثالی کردار ادا کر رہا ہے جس سے مختلف کمیونیٹیز کے افراد ڈپلومہ اور گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے عملی زندگی میں قدم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ چیڈرٹن ٹاؤن ہال میں سالانہ تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مئیر کونسلر جین الیگزینڈر نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اکیڈمی آف سائنسز ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو دلیپ امریکر کا کہنا تھا کہ وہ ماہر تعلیم و معاشیات ہیں ان کا مذید کہنا تھا کہ نئے کاروبار کی شروعات کے لیے انکے اندر قدرتی صلاحیت موجود ہے جسے بروئے کار لا کر وہ مشورہ دیتے ہیں جس سے ملکی دولت کی شرح میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ اکیڈمی سے فارغ التحصیل طلبا شیل بیگم،رانا بیگم اور کاظم حسین نے ملے جلے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں گریجویشن مکمل کرنے پر فخر ہے ۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ کورس کی تکمیل میں مشکلات پیش آئیں لیکن محنت سے سب کچھ ممکن ہوا ۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم مکمل کرنے میں کالج کے لیکچرار کی بھرپور مدد کے ساتھ خاندان کی طرف سے حوصلہ افزائی کی وجہ سے ایسا ممکن ہوا ۔ مئیر کونسلر جین الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ انہیں آجکی تقریب میں شرکت کرنے پر فخر ہے بالغ طلبا نے گریجویشن اور ڈپلومہ کے سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ نوجوان تعلیم مکمل کرنے کے بعد عملی زندگی میں اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے پسندیدہ پیشہ اختیار کر سکیں گے۔ تقسیم اسناد کی پروقار اور قابل فخر تقریب کے موقع پر فارغ التحصیل طلبا کے خاندان نے بھی شرکت کی اور خوشی کے موقع پر اکیڈمی کے لیکچرار کو دلی مبارکباد پیش کی۔