میڈیا سزایافتہ لوگوں کیلئے بند، قوم کو لوٹ کر میڈیا پر مسیحا بننے کے خلاف قانون بنائیں گے، مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا، وفاقی کابینہ

December 11, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا، وفاقی کابینہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے سزا یافتہ اورمفرور افراد کے ٹی وی انٹرویوز پر پابندی لگانے اور انہیں ہیرو بنا کر پیش کرنے کو روکنے کے لیے قانون سازی کا اصولی فیصلہ کرتےہوئےکہا ہے کہ قوم کولوٹ کرمیڈیا پر مسیحا بننے کیخلاف قانون بنایا جائے گا۔

قانون سازی وزیر قانون پیمرا اور میڈیا کے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کی جائے گی‘ مریم نوازکانام ای سی ایل سے نہیں نکالاجائے گا‘ یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے لوک سبھا میں منظور کئے جانے والے متنازع شہریت بل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بھارت کے ایسے اقدامات نے اس کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، کابینہ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا معاملہ کابینہ کی سب کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔

حکومت سب کمیٹی کی سفارشات اور ٹھوس وجوہات کو مد نظر رکھتے رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی‘ کابینہ نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے گورننگ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دی۔

حکومت نے پہلے 15 ماہ میں سوئی گیس، بجلی، زراعت، فرٹیلائزر کے شعبے میں 401 ارب کی سبسڈی دی ہے ‘عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کے تمام ہسپتالوں کوا سٹیٹ آف دی آرٹ اداروں میں تبدیل کرنے کی ہدایت دی۔

جب کہ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ چور اور ڈاکو میڈیا کی زینت بنیں گے تو کرائم کم نہیں ہوگا‘جیلوں سے سزائیں کاٹنے کے بعد وکٹری کا نشان بنانے والوں سے متعلق قوم پر حق اور سچ واضح ہونا چاہئے ۔

سارے مفرور اکٹھے کرکے لندن میں میٹنگز کی جارہی ہیں، یہ قانون کے ساتھ سنگین مذاق ہے‘نواز شریف کے بیٹے، بہوئیں، پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں اور سمدھی لندن میں ہیں، مریم نواز کو تیمار داری کے لیے کیوں بلارہے ہیں۔

منگل کو ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے میڈیا کے بعض حلقوں کی جانب سے اشتہاری ملزمان اور سزا یافتہ افراد کے بیانات چلائے جانے اور قانون کو مطلوب ایسے افراد کو غیر ضروری پروجیکشن دینے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں کہیں بھی ملزمان اور خصوصاً ایسے ملزمان جن پر قومی خزانہ کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہو یا سزا یافتہ ہوں ایسے افراد کو میڈیا کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ملتی۔