چائلڈ لیبر خاتمے کیلئے ورکشاپس پر چھاپے،14افراد کیخلاف مقدمات

December 12, 2019

راولپنڈی (نمائندہ جنگ، سٹاف رپورٹر ) لیبر ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے تین ٹیمیں تشکیل دیکر فوری کارروائی شروع کر دی۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر لیبر فضل حسین کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں ورکشاپس پر چھاپے مارکر چودہ افراد کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ دوسری طرف ڈائریکٹر لیبر نے مختلف دکانداروں اور کاروبار ی شخصیات سے کہا ہے کہ بچوں سے مشقت لینا غیرقانونی ہے ، انہیں سکولوں میں داخل کروایا جائے بصورت دیگر ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔ دریں اثناء تھانہ نصیرآباد پولیس نے ثقلین عباس انسپکٹر پنجاب ریسٹریکشن آن ایمپلائمنٹ آف چلڈرن کی رپورٹ پرکم عمربچوں سے کام کرانے والے چھ ورکشاپ مالکان کیخلاف مقدمات درج کرلئے۔