وکلاءکا ہسپتال پر حملہ، ڈاکٹروں اور مریضوں پرتشدد غنڈہ گردی ہے،ینگ ڈاکٹر ز بلوچستان

December 12, 2019

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر رحیم خان نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلاء کے ایک مخصوص گروہ کی جانب سے ڈاکٹروں اور مریضوں پر بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء کی جانب سے غیرپیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ ڈاکٹروں اور مریضوں پر حملہ غنڈہ گردی کی مثال ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے وزیراعظم پاکستان،وزیر اعلی پنجاب،وزیر قانون و وزیر صحت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی شفاف انکوائری کے احکامات جاری کرتے ہوئے قانون کے رکھوالے کہلائے جانے والے دہشتگرد صفت زمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ اس قسم کی دہشتگردانہ سوچ کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے ڈاکٹرز مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب کے ڈاکٹر اور مریضوں کیساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ینگ ڈاکٹرز پنجاب کی اپیل پر بلوچستان بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے۔