کراچی سمیت سندھ میں 7روزہ انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہوگی

December 13, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سمیت سندھ بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم 16دسمبر سے شروع ہوگی جو 22 دسمبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران اندرون سندھ پانچ سال سے کم عمر 90 لاکھ جبکہ کراچی میں 23لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے، سندھ میں رواں سال پولیو کے 14کیسز سامنے آئے جس میں سے 6بچوں کا تعلق کراچی سے ہے، صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے انسداد پولیو مہم کے آغاز سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایمرجنسی آپریشن سینٹر فار پولیو سندھ میں اجلاس طلب کیا،اجلاس میں ٹیم ممبران، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کی صوبائی ٹیم کے ذمہ داروں نے شرکت کی، اجلاس کے دوران ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ متعدد وجوہات کے باعث پچھلی قومی پولیو مہم اور اب میں ایک بڑا فرق ہے، بچوں کو پولیو سے بچانے کے لئے بلکہ ماحول سے اس کو ختم کرنے کے لئے معیاری مہم چلانے کی ضرورت ہے، ڈپٹی کمشنرز کو فعال کردار ادا کرنا اور مہم کی رہنمائی کرنی ہوگی۔