کسی کو اسپتالوں میں بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، وزیراعظم

December 13, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کسی کو اسپتالوں میں بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،مانیٹر نگ سیل،نیوز ایجنسیز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو اسپتالوں میں بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور معاشرے کے ہرشعبے کا ہم نے تحفظ کرنا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی آئی سی کا واقعہ شرمناک ہے اور حکومت پنجاب کی حکمت عملی سے زیادہ نقصان سے بچ گئے، پنجاب حکومت ٹھوس اقدامات کرکے آئندہ سے ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائے۔

پی آئی سی پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کور کمیٹی اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور احتساب کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ کورکمیٹی ارکان نے پی آئی سی واقعے پرافسوس کا اظہار بھی کیا۔

کورکمیٹی کے بعض ارکان کے انتظامیہ کی جانب سے ایکشن میں تاخیر پرتحفظات کا اظہار کیا۔ کورکمیٹی ارکان نے کہا کہ انتظامیہ بروقت کارروائی کرتی تونقصان کم ہوتا۔

وزیراعظم عمران خان اور شرکاء نے اتفاق نے کیا کہ پی آئی سی پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز وکلا کے لاہور میں دل کے اسپتال پر حملے کے دوران وزیراعظم کے بھانجے کے ملوث ہونے پر کہا ہے کہ وزیر اعظم کا رشتہ دار ہو یا کوئی بھی اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔