کراچی: ترکی کے تعاون سے طالبات کے لیے کرکٹ ٹریننگ نیٹ کی سہولت

December 13, 2019

ترکی اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات مستحکم سے مستحکم ہوتے چلے جارہے ہیں، پاکستان میں ترکی کی جانب سے تعاون اور معاونت کے لیے کام کرنے والے ادارے ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی کے تحت کراچی کے ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول میں زندگی ٹرسٹ کے تعاون سے طالبات کے لیے کرکٹ ٹریننگ نیٹ کی سہولت فراہم کردی گئی۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر شہزاد رائے بھی موجود تھے۔

طالبات کرکٹ ٹریننگ نیٹ میں پریکٹس کررہی ہیں۔

ترکش کو آپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی کے ابراہیم نے مختلف جاری سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح تعلیمی اداروں میں بھی کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

شہزاد رائے نے بھی تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ارادہ ظاہر کیا۔

اس موقع پر اسکول کی طالبات میں کرکٹ کٹ بھی تقسیم کی گئی۔